کاروار 24؍جولائی (ایس او نیوز) بنگلورو سے گوا جانے والی سی برڈ بس ضلع اُترکنڑا کے یلاپور کے قریب ماگوڈ کراس میں حادثے کاشکار ہوگئی ، مگر مسافروں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہے۔
اطلاع کے مطابق ماگوڈ کراس کے قریب بہت ہی تنگ گھماؤ ہونے کی وجہ سے مذکورہ بس بہت ہی سست رفتاری سے آگے بڑھ رہی تھی۔ اس دوران سامنے سے آنے والی ایک لاری کو دوسری لاری نے بڑی تیزرفتاری سے اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ جان لیوا حادثے کا خطرہ محسوس کرتے ہی سی برڈ کے ڈرائیور نے اپنی بس کو سڑک کے انتہائی کنارے لے جانے کی کوشش کی ۔ اس دوران بس برساتی پانی کے نکاسی کے لئے بنائے گئے نالے میں اترگئی اور پوری طرح مٹی اور کیچڑ میں دھنس کر رہ گئی۔ڈرائیورکی چابکدستی کی وجہ سے بس کے اندرموجود32مسافر کسی بھی قسم کے نقصان سے پوری طرح محفوظ رہے۔ کہا جاتا ہے کہ حادثے کا شکار بس سے مسافروں کو اتار کر دوسری بس کے ذریعے گوا بھیجنے کا انتظام کیا گیا ۔